جمعہ‬‮ ، 15 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

میکس طیارے نہیں میکس سوچ بدلیں

datetime 22  مارچ‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ولیم ایڈورڈ بوئنگ 1881ءمیں مشی گن میں پیدا ہوا‘ والد جرمن تھا اور والدہ آسٹرین تھی‘ والد جنگلات کا ٹھیکیدار تھا‘ وہ جنگل خریدتا تھا‘ درخت کٹواتا تھا اور لکڑی فروخت کر دیتا تھا‘ ولیم آٹھ سال کی عمر میں یتیم ہو گیا‘ مشکل سے تعلیم مکمل کی اور والد کا کاروبار سنبھال لیا‘ وہ کشتی رانی اور سمندروں میں گھومنے کا شوقین تھا‘ اس نے لگژری کشتیاں ڈیزائن کرنا شروع کر دیں‘ زندگی مزے سے گزرنے لگی‘ 1909ءمیں وہ سیاٹل گیا‘ زندگی میں پہلی مرتبہ ہوائی جہاز دیکھا اور اس پر عاشق ہو گیا۔

مارٹن کمپنی اس وقت رائٹ برادرز کے ڈیزائن کردہ جہاز بناتی تھی‘ ولیم ایڈورڈ نے دو نشستوں کا مارٹن جہاز خرید لیا‘ ہوا بازی کی صنعت ابھی ابتدائی مراحل میں تھی چنانچہ ولیم ایڈورڈ کے جہاز کو حادثہ پیش آگیا‘ ولیم نے مارٹن کمپنی سے رابطہ کیا‘ کمپنی نے بتایا سپیئر پارٹس کی کمی ہے‘ ہم فوری طور پرآپ کا جہاز مرمت نہیں کر سکیں گے‘ ولیم ایڈورڈ کو یہ جواب برا لگا چنانچہ اس نے دوست کمانڈر جارج کونریڈ سے کہا ”کمانڈر ہم کشتیاں بنا لیتے ہیں‘ ہم اگر کوشش کریں تو ہم مارٹن سے بہتر اور اچھے جہاز بھی بنا سکتے ہیں“ میں کہانی آگے بڑھانے سے پہلے آپ کو یہ بتاتا چلوں دنیا کے تمام کامیاب بزنس گروپس کا آغاز دوستوں سے ہوا‘ بل گیٹس کے ذہن میں آئیڈیا آیا‘ اس نے اپنے دوست پال ایلن سے ذکر کیا‘ اس نے آئیڈیا کی تعریف کی اور مائیکرو سافٹ وجود میں آگئی‘ سٹیوجابز کے ذہن میں ٹچ سکرین کا آئیڈیا آیا‘ اس نے اپنے دو دوستوں سٹیووزنائیک اور رونلڈ وینی سے ذکر کیا‘دونوں نے آئیڈیا سراہا اور ایپل کمپنی نے جنم لے لیا‘ آپ دنیا کی کسی بھی بڑی کمپنی کے ماضی میں جھانک لیں آپ کو اس کی بنیاد میں کوئی نہ کوئی دوست ملے گا‘ آپ اسی طرح ناکام لوگوں کے ناکام منصوبوں کی تاریخ بھی کھنگال لیں‘ آپ کو اس کی جڑ میں بھی کوئی نہ کوئی دوست ملے گا‘ منفی دوست آئیڈیا اور دوست دونوں کو لے کر بیٹھ جاتے ہیں چنانچہ آپ کے ذہن میں جب بھی کوئی اچھا آئیڈیا آئے‘ آپ وہ آئیڈیا کسی نان سیریس‘ منفی اور ناکام شخص کے ساتھ ڈسکس نہ کریں‘ وہ شخص آپ اور آپ کے آئیڈیا دونوں کو قتل کر دے گا۔

ہم ولیم ایڈورڈ کی کہانی کی طرف واپس آتے ہیں‘ ولیم نے کمانڈر جارج کونریڈ سے ڈسکس کیا‘کونریڈ نیوی میں کمانڈر تھااور وہ اس کے پوٹینشل سے واقف تھا چنانچہ اس نے آئیڈیا کو قابل عمل قرار دے دیا‘ ولیم ایڈورڈ نے اپنی کشتیاں اور جنگلات کی کمپنیاں بیچیں اور جہاز بنانا شروع کر دیئے‘ اس نے 1915ءمیں ”بی اینڈ ڈبلیو سی پلین“ کے نام سے پہلا ہوائی جہاز بنایا‘ پورا سال وہ جہاز اڑایا اور پھر 1916ءمیں پیسفک ایرو پروڈکشنز کے نام سے کمپنی بنالی‘ گروپ نے ”بی اینڈ ڈبلیو سی پلین“ تجارتی پیمانے پر بنانا شروع کر دیئے۔

جنگ عظیم اول شروع ہوئی‘ حکومت نے ولیم ایڈورڈ کو 50 جنگی جہاز بنانے کا آرڈر دیا‘ یہ 50 جہاز کمپنی کا ٹیک آف ثابت ہوئے‘ جنگ ختم ہوئی تو کمپنی کا کام بند ہو گیا اور یہاں سے ایک نئی کہانی شروع ہوگئی۔ولیم ایڈورڈ نے 1926ءمیں کمرشل فلائیٹس چلانے کا فیصلہ کر لیا‘ یونائیٹڈ ائیرلائینز بنائی اور کمرشل فلائیٹس شروع کر دیں‘ کمرشل فلائیٹس کےلئے بڑے جہاز درکار تھے‘ ولیم نے اپنے خاندانی نام سے بوئنگ کمپنی کی بنیاد رکھی اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

وہ 1956ءمیں 74 سال کی عمر میں انتقال کر گیا لیکن بوئنگ کمپنی آج بھی زندہ ہے‘ یہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی ہے‘ یہ کمرشل جہاز بھی بناتی ہے‘ ہیلی کاپٹرزبھی‘بین البراعظمی میزائل بھی‘ مصنوعی سیارے بھی اور خلاءمیں بھیجے جانے والے راکٹس بھی ‘ یہ دنیا کی پانچویں بڑی دفاعی اور یہ امریکا کی سب سے بڑی برآمدی کمپنی بھی ہے‘بوئنگ کے اثاثے 118 بلین ڈالر کے برابر ہیں اور آمدنی 102 بلین ڈالر ہے‘ یہ کمپنی دو سیٹلائٹس‘ 96 ملٹری ائیر کرافٹس اور 806 کمرشل طیاروں کی مالک ہے۔

بوئنگ نے 1964ءمیں دنیا کا پہلا نیرو باڈی جہاز متعارف کرایا‘ طیارے کی دونوں سائیڈوں پر سیٹیں اور درمیان میں راستہ تھا‘ یہ سنگل آئزل طیارہ تھا‘ 1967ءمیں اس کا سائز بڑا کر کے پہلا بوئنگ 100-737 طیارہ مارکیٹ کیا گیا اور پھر سول ایوی ایشن کی پوری مارکیٹ تبدیل ہو گئی‘ بوئنگ نے اس کے بعد 200-737 اور پھر 300 متعارف کرا دیا‘ یہ کلاسک جنریشن کہلاتا ہے‘ پاکستان نے 1985 میں یہ طیارے خریدے تھے اور یہ 2016ءتک پی آئی اے کے استعمال میں رہے۔

کلاسک کی 400 اور 500 کی سیریز بھی آئیں اور پھر نیکسٹ جنریشن کے نام سے 600‘700 اور800 کی سیریز مارکیٹ ہوئی‘ بوئنگ نے 2017ءمیں میکس کے نام سے اپنی تیسری سیریز شروع کی‘ یہ سیریز 737 میکس کہلاتی ہے‘ اس میں پانچ قسم کے طیارے ہیں‘ میکس سادہ کی قیمت سو ملین ڈالر ہے‘ میکس آٹھ کی قیمت 122 ملین ڈالر‘ میکس 200 کا ریٹ 125 ملین ڈالر‘ میکس 9 کی قیمت 129 ملین ڈالر اور میکس 10 کی قیمت 135 ملین ڈالر ہے۔

یہ بوئنگ کے جدید ترین طیارے ہیں‘ کمپنی کو دنیا بھر سے پانچ ہزار چھ طیاروں کے آرڈر ملے‘ بوئنگ نے 376 طیارے ڈیلیور کر دیئے ہیں جبکہ 4630 طیارے پائپ لائین میں ہیں‘ چین نے بوئنگ سے 90 طیارے‘ امریکن ائیرلائینز اور ائیر کینیڈا نے 24 اور ساﺅتھ ویسٹ ائیر لائینز نے 31 طیارے خریدے‘ باقی طیارے سنگا پور‘ انڈونیشیا اور ملائیشیا نے خریدے‘ طیارے خریدنے والے ملکوں میں ایتھوپیا بھی شامل تھا‘ ایتھوپیا نے 30 طیارے بک کرائے‘ بوئنگ نے 5 طیارے ڈیلیور کر دیئے۔

یہ تمام ائیرلائینز طیاروں کی پرفارمنس اور سہولتوں سے مطمئن تھیں لیکن پھر 29اکتوبر 2018ءآ گیا‘ انڈونیشیا کی لائین ائیر کی فلائیٹ جے ٹی 610 جکارتہ شہر سے پینگ کال پنینگ کےلئے روانہ ہوئی لیکن یہ ٹیک آف کے 12منٹ بعد سمندرمیں گر کر تباہ ہو گئی‘میں آپ کو یہ بھی بتاتا چلوں دنیا میں جہازوں کے 90 فیصد حادثات ٹیک آف اور لینڈنگ کے درمیان ہوتے ہیں‘ فلائیٹس میں اڑنا اور اترنا دونوں مشکل ترین مراحل ہوتے ہیں‘ انڈونیشیا کا طیارہ بھی اڑتے وقت گرا اور اس میں 189 لوگ ہلاک ہوگئے۔

یہ بوئنگ میکس کا پہلا حادثہ تھا‘ دوسرا حادثہ 10 مارچ 2019ءکو ایتھوپیا میں پیش آیا‘ ایتھوپین ائیر لائین کی فلائیٹ عدیس ابابا سے نیروبی جا رہی تھی‘ جہاز میں عملے سمیت 157 لوگ سوار تھے‘ طیارہ صبح آٹھ بج کر 44 منٹ پر اڑا اور ائیر پورٹ سے 60 کلو میٹر کے فاصلے پر بیشوفٹو کے علاقے میں گر گیا‘ طیارے کے تمام مسافر ہلاک ہو گئے‘ بس ان دو حادثوں کی دیر تھی اور دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی اور سو سال پرانی کارپوریشن کا جنازہ نکل گیا‘ ملائیشیا‘ انڈونیشیا‘ سنگا پور‘ اومان‘ آسٹریلیا اور یورپ نے اپنی فضائی حدود میں میکس طیاروں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔

چین‘ سنگا پور‘ انڈونیشیا اور ایتھوپیا نے تمام میکس طیارے گراﺅنڈ کر دیئے اور13 مارچ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میکس طیارے گراﺅنڈ کرنے اور ان کی پرواز پر پابندی لگا دی اور یوں صرف دو حادثوں کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ گئی‘ بوئنگ اگر چند دنوں میں طیاروں کا فالٹ تلاش نہیں کرتی اور یہ وہ نقص دور کر کے طیاروں کو محفوظ اور قابل استعمال نہیں بناتی تو امریکا کی سب سے زیادہ ایکسپورٹ ریونیو دینے والی کمپنی دم توڑ جائے گی۔

آپ اگر ان دونوں حادثوں اور دنیا کے ردعمل کا تجزیہ کریں تو آپ کو محسوس ہو گا دنیا انسانیت کو تمام دنیاوی مفادات پر فوقیت دیتی ہے‘ بوئنگ میکس کا پہلا حادثہ محض حادثہ تھا لیکن جب دوسرا حادثہ پیش آ یا اور دونوںمیں مماثلت دکھائی دی تو دنیا نے ایک لمحے کےلئے تجارتی اور مالی مفادات کے بارے میں نہیں سوچا اور دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی کا جنازہ نکال دیا‘ بوئنگ کارپوریشن امریکی انتخابات میں بے شمار چندہ دیتی ہے‘ کانگریس اور سینٹ میں اس کے درجن بھر ارکان موجود ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ کے وزراءبھی بوئنگ کے بارے میں سافٹ کارنر رکھتے ہیں لیکن امریکی صدر‘ وزرائ‘ سینیٹرز اور کانگریس مین بھی بوئنگ کی کوئی مدد نہ کر سکے‘ یہ بھی کمپنی کو نہ بچا سکے‘ کیوں؟ کیونکہ ایشو انسانیت تھا اور انسانیت کا تحفظ دنیا کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے چنانچہ انسانیت میکس طیاروں پر پابندی لگانے والے تمام حکمرانوں کی مشکور ہے‘ انسانیت نیوزی لینڈ کے ان شہریوں کی بھی شکرگزار ہے جو مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کےلئے نماز کے دوران مسجدوں میں ان کے پیچھے کھڑے ہوتے ہیں۔

جو النور مسجد کے سامنے پھول‘ موم بتیاں اور کارڈز رکھ رہے ہیں اور جو 50 مظلوم مسلمانوں کے قتل پر آنسو بھی بہا رہے ہیں‘ یہ بڑے قدم ہیں‘ یہ قدم ثابت کرتے ہیں عالمی ضمیر ابھی مرا نہیں‘ انسانوں کے اندر انسانیت آج بھی زندہ ہے‘میں جب بھی یہ دیکھتا ہوں تو میرا سینہ فخر سے پھول جاتا ہے مگر جب میں افغانستان‘ عراق اور شام کے مسلمانوں کے ساتھ عالمی برادری کا رویہ دیکھتا ہوں یا فلسطین اور کشمیر کے بے گناہ شہریوں کا خون ابلتا دیکھتا ہوں تو میں بے اختیار سوچتا ہوں کیا یہ انسان نہیں ہیں؟ کیا دنیا کو ان کے بارے میں بھی نہیں سوچنا چاہیے؟

دنیا میں کروڑوں بے گناہ لوگ اب تک سفید اور براﺅن اور عیسائی اور مسلمان کی غلط جنگ کا رزق بن چکے ہیں‘ آدھی دنیا اس وقت تک قبرستان ہو چکی ہے اور اس قبرستان کے پیچھے صرف دو عزائم ہیں‘ اسلحے کی فروخت اور نسلی نفرت‘ یہ دونوں عزائم انسانیت کو نگلتے چلے جا رہے ہیں‘ کاش کوئی عالمی لیڈر اس پر بھی آواز اٹھائے‘ یہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی جیسے لوگوں کو بتائے لوگوں کو بوئنگ میکس سے اتنا خطرہ نہیں جتنا خطرہ میکس نفرت سے ہے۔

دنیا آج نیوزی لینڈ کے شہریوں کی طرح پرامن مسلمانوں کے پیچھے کھڑی ہو جائے مسلمان خود اپنے ہاتھوں سے اپنی صفوں میں چھپے دہشت گردوں کو قتل کر دیں گے لیکن آپ میکس طیاروں کو روک لیتے ہیں مگر نسل پرستی اور مذہبی نفرت کے سیارے فضا میں اڑاتے چلے جا رہے ہیںاور یہ وہ غلط پالیسی ہے جو زمین جیسی جنت کو دوزخ بنا رہی ہے‘ اہل مغرب کو اب اس میکس سوچ کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا ورنہ آج مسلمان مر رہے ہیں اور کل پوری انسانیت مر جائے گی۔



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…