نئی دہلی(این این آئی ) بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)نے پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کی تصاویر کو اپنی انتخابی مہم میں استعمال کرنا شروع کردیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی ہے ۔دوسری جانب بھارتی الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کے مطالبے کے بعد سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسلح افواج کے کسی بھی شخص کی تصاویر اپنی انتخابی مہم میں استعمال نہ کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے علاقے مہرالی کی سڑک پر بی جے پی کے انتخابی پوسٹر پر پائلٹ ابھی نندن کی تصاویر لگانے پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کرتے ہوئے اسے شیئر کرنا شروع کردیا۔بھارتی وزارت دفاع نے پائلٹ کی تصاویر لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم میں اہلکاروں کی تصاویر استعمال کرنے سے روکا جائے۔یاد رہے کہ پاکستان نے یکم مارچ کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیرسگالی کے تحت واہگہ کے راستے بھارت کے حوالے کیا تھا، جسے 27 فروری کو بھارت کے ایکشن کا جواب دیتے ہوئے آزاد کشمیر سے پکڑا تھا۔بھارتی صحافی راما لکشمی نے بے جے پی کے انتخابی پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیا بی جے پی نے انتخابی پوسٹر پر ابھی نندن کی تصویر لگانے کی اجازت دی ہے؟ یہ دہلی ہے نہ کہ بھارت کا کوئی دور دراز کا علاقہ۔دوسری جانب بھارتی الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کے مطالبے کے بعد سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی کہ وہ مسلح افواج کے کسی بھی شخص کی تصاویر اپنی انتخابی مہم میں استعمال نہ کریں۔