اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایبٹ آباد میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں ایک لیڈی ڈاکٹر کو مبینہ طور پر قتل کر کے جنگل میں دفن کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر وردہ چند روز قبل ڈی ایچ کیو اسپتال سے اچانک لاپتہ ہوئی تھیں، پولیس نے تفتیش شروع کی تو انکشاف ہوا کہ ان کے قتل کے پیچھے 67 تولے سونے کا تنازع موجود تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے 2023 میں بیرونِ ملک جانے سے قبل اپنے قریبی دوست کے پاس تقریباً 67 تولے سونا امانت کے طور پر رکھا تھا۔ اپنی واپسی کے بعد جب انہوں نے وہ زیورات واپس لینے کی کوشش کی تو حالات سنگین رخ اختیار کر گئے۔پولیس نے شک کی بنیاد پر ڈاکٹر وردہ کی عزیز خاتون دوست اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا تھا، جنہوں نے پوچھ گچھ میں اہم معلومات فراہم کیں۔
بتایا گیا کہ ملزمان نے ڈاکٹر وردہ کو اسپتال سے ساتھ لے جا کر کرائے کے قاتلوں کے حوالے کیا، جس کے بعد انہیں قتل کر کے ٹھنڈیانی کے جنگلات میں دفن کر دیا گیا۔ڈاکٹر کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے جنگل کے مقام سے میت برآمد کر لی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے صوبے بھر میں احتجاج اور ہڑتال کا اعلان بھی کیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تفتیش مزید تیز کر دی گئی ہے۔















































