لاہور (آن لائن) سیشن عدالت میں سوشل میڈیا پر غلیظ زبان استعمال کرنے کے الزام میں مذہبی سکالر علامہ ناصر مدنی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر علامہ ناصر مدنی کے وکیل کو دلائل دینے کے لئے طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 مارچ تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا کی عدالت میں کیس پر سماعت ہوئی۔ علامہ ناصر مدنی کی جانب سے میاں ماجد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ مقامی شہری عبدالرحمن نے سلیم چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے
جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ علامہ ناصر مدنی مخلتف اجتماع، مساجد اور سوشل میڈیا پر بیہودہ زبان استعمال کرتے ہیں۔ ناصر مدنی اپنے خطابات میں بہن بیٹیوں سے متعلق انتہائی غلیظ الفاظ کا استعمال کرتے ہیں اور ان کے بیہودہ زبان میں کئے گئے خطبات سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے جاتے ہیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت علامہ ناصر مدنی کے بیہودہ اور غلیظ زبان والے خطبات کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور مذہب کو بدنام کرنے پر علامہ ناصر مدنی کیخلاف فوجداری کارروائی کا حکم دے۔