کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ میں حالیہ بارشوں سے ہوا میں نمی کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث گندم کی موجودہ کھڑی فصل پرسرخی مائل مرض ’لیف رسٹ‘ پھیلنے لگا جس کے باعث اس موذی مرض کی وبائی شکل اختیار کرکے مزید پھیلنے کا خدشہ پیداہوگیا۔ محکمہ زراعت کوہاٹ نے کاشتکاروں کو الرٹ جاری کرکے فوری طورپر روک تھام کرنے کی غرض سے گندم کی فصل پر ادویات کا سپرے کرنے کی ہدایت کردی ۔
تاکہ یہ مرض مزید پھیلنے اور فصل مکمل تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔گزشتہ روز محکمہ زراعت کے ضلعی حکام کی جانب سے ایک الرٹ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوہاٹ میں کئے گئے ایک سروے میں اس مرکا انکشاف ہوا ہے کہ حالیہ بارشوں میں ہوا میں نمی کے مقدار میں زیادہ ہونے کے باعث گندم کی موجودہ کھڑی فصل پر سرخی مائل مرض ’لیف رسٹ ‘ سٹرائپ رسٹ اور سٹیم رسٹ‘ کا حملہ ہوا ہے جو گندم کی فصل کا وبائی مرض ہے۔ حکام کے مطابق اس موذی مرض کے مزید پھیلنے اور گندم کی فصل مکمل طورپر تباہ ہونے کا اندیشہ ہے۔محکمہ زراعت کے حکام نے ضلع بھر میں تمام کاشتکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ زراعت کے مقامی دفتروں سے فوری طورپر رابطہ کرکے اس مرض کی مزید پھیلاؤ کو روکنے اور فصل کو تباہی سے بچانے کے لئے متعلقہ زرعی ادویات حاصل کرکے متاثرہ کھیتوں پر سپرے کریں۔ حکام کے مطابق اگر فوری طورپر متاثرہ کھیتوں پر زرعی ادویات کا سپرے نہیں کیا گیا تو گندم کی موجودہ کھڑی فصل تباہ ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں خاطرخواہ کمی آسکتی ہے۔