کراچی(این این آئی) بیرون ملک موجود قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ فروخت کردیا گیا، دو حصوں میں فروخت کیے جانے والے جہاز کا ایک حصہ پارکنگ چارجز کے عوض ایئرپورٹ انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جرمنی کے لزپک ائی پورٹ پرموجود
قومی ایئر لائن(پی آئی اے) کا ایئر بس 310 ساختہ طیارہ فروخت کر دیا گیا۔ اے پی بی ای کیو رجسٹریشن نمبر کے ایئر بس طیارے کی فروخت 2 حصوں میں کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن اور متعلقہ سامان 1 کروڑ 37 لاکھ ڈالرز میں ایک غیر ملکی کمپنی کو فروخت کیا گیا، طیارے کا ہل ایئر پورٹ پارکنگ چارجز کی مد میں لزپک ایئرپورٹ پر قائم میوزیم کو فروخت کیا گیا۔ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ چارجز کی مد میں 2 لاکھ یورو سے زائد رقم طلب کی گئی تھی، مذاکرات کے بعد ایک لاکھ 30 ہزار یورو میں پارکنگ چارجز کے عوض جہاز کا ہل میوزیم نے حاصل کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے سابق سربراہ جرمن نژاد ہلڈن برینڈ کی منظوری سے جہاز ایک فلمساز کمپنی کے لیے بیرون ملک لے جایا گیا جہاں ہالی وڈ کی ایک متنازعہ فلم کی شوٹنگ میں استعمال کیے جانے کے بعد طیارہ کئی ماہ تک لزپک ائر پورٹ پر کھڑا رہا۔ترجمان ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پیپرا قوانین کے مطابق طیارے کی فروخت سے ایئر لائن کے لیے معقول رقم حاصل کی گئی۔ بیرون ملک حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں طیارے کے لیے دی گئی بولی سے کئی گنا زائد ہے۔