اسلام آباد( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ وزیراعظم کے مشیر تجارت کی کمپنی کو دیئے جانے کے خلاف تحقیقات کیلئے چیئرمین نیب کو درخواست دیدی،دوسری طرف عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے میری درخواست کا بغور جائزہ لیا ہے ،وہ ایک جرات مند اور دلیر شخص ہیں جو بغیر کسی دباؤ کے بلاامتیاز حکومت اور اپوزیشن کا احتساب کر رہے ہیں ،امید کرتی ہوں کہ وہ میری درخواست پر بھی سخت ایکشن لیں گے۔
منگل کو عائشہ گلالئی اور پارٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ نیب ہیڈ کوآرٹرز پہنچیں جہاں عائشہ گلالئی نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی کو مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کے خلاف درخواست دی جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب معاملے کی تحقیقات کرے۔بعد ازاں نیب ہیڈ کوآرٹرز کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے بتایا کہ انہوں نے چیئرمین نیب سے ملاقات کر کے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت کی کمپنی کو مہمند ڈیم کا ٹھیکہ کے خلاف چیئرمین نیب کو درخواست دی ہے۔ چیئرمین نیب نے پوری توجہ سے ان کی بات سنی اور درخواست کا بغور جائزہ لیا۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ چیئرمین نیب جس طرح سپریم کورٹ کے سینئر جج کی حیثیت سے انصاف کی فراہمی کا فریضہ سرانجام دیتے رہے ہیں اسی طرح مجھے بھی امید ہے کہ میری درخواست پر بھی سخت ایکشن لیں گے کیونکہ عبدالرزاق داؤد نے اپنی حیثیت کا استعمال کرتے ہوئے اپنی کمپنی کو ٹھیکہ دلوایا ہے اور اس ڈیم کیلئے عوام نے چندہ بھی دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ان کے مشیر کو ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ کیسے مل گیا؟ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے حکومتی عہدے کا فائدہ اٹھایا۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ نیب پاکستان میں کرپشن کے خلاف جہاد کر رہا ہے اور چیئرمین جاوید اقبال بھی بلا تفریق تحقیقات کر رہے ہیں۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ اگر مہمند ڈیم ٹھیکے کی شفاف تحقیقات نہ ہوئی تو عوام کا اعتماد نیب سے اٹھ جائے گا،
چیئرمین نیب کو چاہیے کہ اس پر ریفرنس دائر کریں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جس دلیری اور بہادری کیساتھ حکومت اور اپوزیشن ک کا بلاامتیاز احتساب کر رہے ہیں اس سے نیب پر ہمارا اعتماد قائم ہوا ہے اور ہم نیب پر اعتماد کرتے ہیں اس لئے غریب عوام کے پیسے سے بننے والے ڈیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کے خلاف چیئرمین نیب کے پاس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ نیب اس وقت بلاخوف وخطر احتساب کا فریضہ سرانجام دے کر جہاد کر رہا ہے ، نیب اور چیئرمین نیب پر بہت زیادہ تنقید اور ان کی ذاتی پر حملے کئے گئے لیکن پوری پاکستانی قوم چیئرمین نیب کیساتھ ہے