لاہور( این این آئی )کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ کے مزید چار میچزکا فیصلہ ہوگیا۔ماڈل ٹاؤن وائٹس کرکٹ گراؤنڈمیں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیٹسول نے ڈیسکون کی ٹیم کو 12 رنز سے شکست دی۔نیٹسول نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے۔فراز مغل نے 51 رنز کی
ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ڈیسکون کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔اویس مغل نے 55 رنز کی اننگز کھیلی ۔نیٹسول کے جنید جمشید نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاتح ٹیم کے فراز حسن کو عمدہ بلے بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔اسی میدان پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں تھری ڈی موڈلنگ نے یو بی ایس الیون کو تین وکٹوں سے شکست دی۔یو بی ایس الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 125 رنز بنائے ۔عمر دراز نے 32 رنزکی اننگزکھیلی ۔تھری ڈی موڈلنگ کے ربانی انور نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔تھری موڈلنگ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔فاتح ٹیم کے محمد جواد نے 58 رنز جوڑے جس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔یو بی ایس الیون کے عامر محمود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔البلال کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پی ٹی وی نے آئی سی آئی پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی۔آئی سی آئی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں برکت علی کی45رنزکی اننگز کی بدولت چھ وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔محمد الیاس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پی ٹی وی نے مطلوبہ ہدف آخری آور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔عدنان ملک نے 46 رنز بنائے ۔آئی سی آئی کے عمیر رسول نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آل رانڈ کارکردگی پر پی ٹی وی کے حافظ وقاص مین آف دی میچ قرار پائے۔البلال کرکٹ گراؤنڈ میں ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں ایگزونوبل نے سٹوورٹ الیون کو 23 رنز سے شکست دی۔ ایگزونوبل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔فیصل سعید نے 55 رنز بنائے ۔ عانش خان نے ایک اوور میں دو کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایا۔سٹوورٹ الیون کی ٹیممطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 120 رنز بناسکی۔ایگزونوبل کے زرغام علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔