تونگا(مانیٹرنگ ڈیسک) آج کے دور میں انٹرنیٹ کے بغیر چند گھنٹے گزارنا محال ہے لیکن آپ یہ سن کر حیران ہوں گے کہ ایک ملک ایسا ہے جہاں گزشتہ 11دن سے انٹرنیٹ بند ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ ملک تونگا (Tonga)ہے جو نیوزی لینڈ سے 1100میل شمال مشرق میں جزیرے پر واقع ایک ملک ہے۔ اس ملک کی آبادی 1لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ملک میں 20جنوری کو سمندر میں فائبر آپٹک خراب ہو
جانے کے باعث انٹرنیٹ سروس معطل ہوئی جو تاحال بحال نہیں کی جا سکتی۔فائبر آپٹک خراب ہونے کے باعث انٹرنیٹ ہی نہیں، فون سروس بھی بند پڑی ہے۔ ایک ٹور کمپنی کے مالک ٹونی میتھیاس کا کہنا ہے کہ ”انٹرنیٹ اور فون سروس بند ہونے کی وجہ سے ہم اس جزیرے پر موجود اپنے کسٹمرز سے رابطہ نہیں کر پا رہے۔ ہم عموماً اپنے کسٹمرز کے پیغامات کا فوری جواب دیتے ہیں اور اندازہ کر سکتے ہیں کہ اس خرابی کی وجہ سے ہمارے کسٹمرز کس قدر پریشان ہوں گے۔“