شکاگو(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی نے فضاء میں اڑنے والی مسافر بس کا کامیاب تجربہ جمعرات کے روز کیا۔ تفصیلات کے مطابق جدید گاڑیاں تیار کرنے والی بوئنگ نامی امریکی کمپنی نے بڑھتے ہوئے ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے بس کی ایجاد کا اعلان دو برس قبل کیا تھا۔
جس کی کامیاب آزمائشی پرواز جمعرات کے روز ورجینیا میں کی گئی۔ کمپنی ترجمان کے مطابق گاڑی کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت اسے دو طریقوں سے کنٹرول کیا جاسکے گا، پہلا یہ کہ اسے ٹیکنیکل ٹیم کنٹرول روم سے بیٹھ کر آپریٹ کرے گی دوسرا یہ کہ اسے مکمل طور پر ڈرائیور چلائے گا۔ کمپنی کے مطابق بس بجلی کی بیڑی سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایک بار چارجنگ کے بعد یہ 50 میل کا سفر آسانی سے طے کرے گی۔ دوسری جانب بوئنگ کے سی ای او نے اعلان کیا کہ ہم نے فضا میں پرواز کرنے والی دیگر بسوں کی تیاری بھی شروع کردی، جن کا تجربہ آئندہ برس کیا جائے گا۔ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ 2040 تک مختلف کمپنیوں کی جانب سے حیران کن ایجادات سامنے آئیں گی جس کے لیے تقریبا 600 کھرب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ اسی سے متعلق: اڑنے والی ٹیکسی ، موٹرسائیکل کے بعد اب سوٹ بھی تیار بوئنگ کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اس گاڑی کو آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہی فروخت کیا جائے گا البتہ اس بات کا اعلان ضرور ہوا کہ کم از کم کرایہ 500 پاؤنڈ مقرر کیا جائے گا۔ بوئنگ گاڑی 30 فٹ بلند پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے البتہ اس کی رفتار اور وزن برداشت کرنے کے حوالے سے مزید تفصیل سامنے نہیں آسکی۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس گاڑی کو چھوٹا جہاز قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا، بس میں 7 سے زیادہ افراد بیٹھ سکتے ہیں۔