اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر آج کل 10 ایئرز چیلنج بہت مقبول ہورہا ہے جس میں لوگ اپنی موجودہ اور 10 سال قبل کی تصاویر لگا کر اپنا موازنہ کر رہے ہیں۔ بہت سے افراد نے اس چیلنج کو وقت ضائع کرنے والی شے بھی قرار دیا۔ لیکن اگر چیلنج ہو صحت میں بہتری کا تو کیا آپ اسے قبول کرنا چاہیں گے؟ آج ہم ایسا ہی چیلنج آپ کو دے رہے ہیں۔
جسے قبول کرنا آپ کے لیے تھوڑا مشکل ضرور ہوگا، البتہ نہایت فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ یہ چیلنج قبول کرنے کے بعد آپ اپنے ان دوستوں کو بھی اس میں شامل کرسکتے ہیں جو وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقررہ وقت پورا ہونے کے بعد پہلے اور بعد کی تصاویر یقیناً آپ کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیں گی۔ فیس بک کے چیلنج کی طرح یہ 10 سال کا بھی نہیں بلکہ صرف 30 دن کا ہے۔ ان 30 دنوں میں آپ کو مندرجہ ذیل اشیا سے پرہیز کرنا ہوگا۔ چپس برگر سوڈا ڈرنکس آئس کریم کوکیز یا کینڈیز کیک یا ڈونٹس یہ تمام وہ اشیا ہیں جن میں تیل اور چینی کی غیر معمولی مقدار شامل ہوتی ہے اور یہ آپ کی صحت کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔ فاسٹ فوڈ، سوڈا ڈرنکس اور بازاری میٹھی اشیا آپ کے وزن میں اضافہ کر کے آپ کو بے شمار مسائل میں مبتلا کرسکتی ہیں۔ 30 دن تک ان تمام اشیا سے پرہیز کرنے کے بعد آپ میں ان کے کھانے کی اشتہا کم ہوجائے گی چنانچہ آپ ایک طویل المدتی صحت مند ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کے قابل ہوسکتے ہیں۔ کیا آپ یہ چیلنج قبول کرنا چاہیں گے؟