اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ترجمان سینٹرل ریجن موٹر وے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ میں بہتری آنے کے بعد موٹروے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد کے درمیان ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔تاہم شدید دھند کے باعث مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے ایم ون اور ایم ٹو کے مختلف حصے تاحال بند رکھے گئے ہیں۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ون پشاور سے برہان تک ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے، جبکہ اسلام آباد سے برہان کی جانب پشاور جانے والی سمت میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم ٹو پر بھی دھند کی شدت کے باعث کوٹ مومن سے للہ تک تمام اقسام کی ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں چکری سے کوٹ مومن تک لاہور جانے والی سمت میں بھی ہر قسم کی گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور روانگی سے قبل موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن سے تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔















































