اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں واقع قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں پیش آنے والے ایک تشویشناک واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس کے بعد طالبات میں سخت بے چینی پائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم نوجوان نے سیکیورٹی انتظامات کو نظرانداز کرتے ہوئے رات تقریباً دو بجے گرلز ہاسٹل میں داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ بعد میں اسے ہاسٹل کے اندر واش روم کے قریب دیکھا گیا۔ اس واقعے نے ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبات کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سامنے آنے والی ویڈیو میں مذکورہ شخص اپنا تعارف راول ڈیم کے رہائشی کے طور پر کرواتا ہے اور یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہاسٹل آیا ہے۔ طالبات کا کہنا ہے کہ وہ شخص تقریباً ایک گھنٹے تک ہاسٹل میں موجود رہا، تاہم اس دوران اس کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی واضح وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ پر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس بات کی مکمل تحقیقات کی جائیں کہ مذکورہ شخص اتنے طویل وقت تک ہاسٹل میں کیا کرتا رہا۔ طالبات کے مطابق وہ نوجوان واش روم میں گانے گاتا ہوا بھی دیکھا گیا، جو سیکیورٹی کی سنگین ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔















































