اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں علیمہ خان کو پیغام دیا گیا ہے کہ جائیداد کا معاملہ کلیئر کریں، عمران خان کا بہن علیمہ خان کے بزنس سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں علیمہ خان کے اثاثوں کا بھی علم نہیں تھا، نئے بجٹ میں کوئی ٹیکس عائد نہیں کیاجا رہا، نئے بجٹ میں پاکستان میں بزنس آسان کرنے سے متعلق چیزیں ہوں گی،
ملٹری کورٹس معاملے پر بحث جاری ہے اور جلد فیصلہ کرلیا جائے گا، ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کے سمجھوتے کیلئے پیغامات آتے رہتے ہیں کہ معاملات ختم کریں، ہم آپ کی حمایت کریں گے لیکن ان سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں نعیم الحق کا مہنگائی کے حوالے سے کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اہم اشیا کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں ہوا، مارکیٹ میں سبزیوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نظام میں خرابی کی وجہ سے ایک دن میں کام ہونے کے بجائے کئی دن لگ جاتے ہیں، شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی بنانے سے دیگر کمیٹیوں نے کام شروع کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم چوروں کو نہیں پکڑیں گے تو اور کون پکڑے گا؟ عمران خان کا بہن علیمہ خان کے بزنس سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں علیمہ خان کے اثاثوں کا بھی علم نہیں تھا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی قانون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے کیوں کہ انہوں نے پہلے دن سے کہہ دیا تھا احتساب کے معاملے میں کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ علیمہ خان خود ان سوالات کا جواب دیں گی اور میرے خیال ہے کہ علیمہ خان کوپیغام دیا گیا کہ وہ یہ معاملہ کلیئر کریں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومتی ذرائع کا غلط استعمال کرنے کی کسی کی ہمت نہیں، عمران خان تمام کمائی پاکستان لے کر آئے لہذا ایک پائی بھی باہر نہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں کوئی ٹیکس عائد نہیں کیاجا رہا، نئے بجٹ میں پاکستان میں بزنس آسان کرنے سے متعلق چیزیں ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس معاملے پر بحث جاری ہے اور جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کے سمجھوتے کیلئے پیغامات آتے رہتے ہیں کہ معاملات ختم کریں، ہم آپ کی حمایت کریں گے لیکن ان سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک اور جائیداد کی تفصیلات سامنے آئی تھیں جس کے مطابق علیمہ خان امریکی ریاست نیو جرسی میں 4 منزلہ عمارت میں تین فلیٹوں کی مالک ہیں اور ان جائیداد کی موجودہ مالیت 30 لاکھ ڈالر یعنی 45 کروڑ روپے ہے۔تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں موجود یہ جائیداد علیمہ خان نے 2004 میں خریدی مگر جون 2017 تک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔