ہانگ کانگ(این این آئی)چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ھواوے نے پولینڈ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہونے والے اپنے ملازم کو نوکری سے نکال دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولینڈ کی پولیس نے ھواوے کے سیکیورٹی انچارج وانگ وی ڑنگ کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا۔ اس اقدام کے بعد مغرب اور چینی کمپنی کے درمیان محاذ آرائی کا اندیشہ ہے تاہم کمپنی نے اس تاثر کو دور کرنے کے لیے مشتبہ جاسوس کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔ھواوے کمپنی کی
طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پولینڈ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار شخص کا کمپنی کے ساتھ اب کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کمپنی کو بدنامی سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ مغرب میں جہاں ھواوے کی مصنوعات مقبول ہیں وہیں چینی حکومت کے ساتھ تعلق کی بنا پر اس کے عہدیداروں کی سخت نگرانی بھی کی جاتی ہے۔ مغربی ملکوں کو یہ خدشہ رہتا ہے کہ بیجنگ ھواوے کی مصنوعات سے ان کی جاسوسی نہ کرے۔