لاہور ( این این آئی) صوبے بھر میں قائم ہاؤسنگ سکیموں میں فائل سسٹم بند کرنے اور رجسٹری کے مکمل اطلاق کرنے کیلئے بورڈ آف ریونیو کے افسران نے سر جوڑ لئے ،لاہور کی حدود میں آنے والی تمام ہاؤسنگ سکیموں کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں بورڈ آف ریونیو پنجاب میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیاجس میں ہاؤسنگ سکیموں میں چلنے والے فائل سسٹم کو بند کرنے اور وہاں پر رجسٹری سسٹم کے مکمل انعقاد کے
حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی ہدایت پر 9ٹاؤنوں کی رجسٹریشن برانچوں کے سب رجسٹرار کی جانب سے تمام ڈویلپرز اور سکیموں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر تے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹری کی تصدیق اور رجسٹریشن کے عمل کا فوری اطلاق کریں ۔بورڈ آف ریونیو کے افسران کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سکیموں میں رجسٹری کا نظام فوری طور پر بحال کروائیں گے۔ذرئع کے مطابق اس فیصلے سے حکومت کو بے پناہ ریونیو اکٹھا ہو گا۔