کراچی(این این آئی) وفاقی حکومت نے5ماہ میں اوسطاً ہر ماہ 448 ارب روپے قرض لیا، مجموعی قرضے 264 کھرب 52 ارب روپے سے تجاوزکرگئے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے5 ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے قرضے 9.3فیصد بڑھ گئے، نومبر کے اختتام تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا مجموعی حجم 264کھرب52ارب60کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اس دوران اندرونی قرضے5.5فیصد اضافہ سے173کھرب22ارب80کروڑ روپے اور بیرونی قرضے17فیصد اضافے
سے 91 کھرب 29ارب80کروڑ روپے ہو گئے۔جولائی سے نومبر تک وفاقی حکومت نے 9 کھرب 6 ارب 50 کروڑ روپے کے قرضے مقامی ذرائع سے لیے جبکہ بیرونی قرضوں میں13کھرب 34 ارب روپے کا اضافہ ہوا، پی ٹی آئی کی حکومت کی قرض لینے کی رفتار مسلم لیگ ن کی حکومت کی طرف سے آخری سال قرض لینے کی اوسط رفتار سے بھی 56 فیصد زیادہ ہے۔یاد رہے وفاقی حکومت نے ہرماہ اوسطاً448ارب روپے قرض لیاجبکہ ن لیگ نے اپنے آخری مالی سال میں اوسطاً ہر ماہ 287 ارب روپے قرض لیا تھا۔