اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے موبائل کے بعد ویب ورژن کے لیے بھی پکچر ان پکچر سپورٹ متعارف کرادی ہے۔ پکچر ان پکچر یا پی آئی پی سپورٹ سے صارفین اس میسجنگ اپلیکشن میں شیئر ہونے والی ویڈیوز کو تھرڈ پارٹی ایپس جیسے انسٹاگرام یا یوٹیوب میں جائے بغیر موبائل پر چیٹ ونڈو
میں دیکھ سکتے ہیں۔ یہ فیچر واٹس ایپ موبائل ایپ میں تو گزشتہ ہفتے ہی متعارف کرا دیا گیا تھا اور اب اسے ویب ورژن کے لیے بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔ یہ فیچر کیسے کام کرتا ہے؟ اس وقت یہ فیچر ویب ورژن میں شیئر ویڈیوز تک محدود ہے۔ جب آپ کسی ویڈیو کو واٹس ایپ ویب پر پلے کرتے ہیں تو وہ چیٹ ونڈو میں اوپن ہوجاتی ہے اور اسکرین پہلے کی طرح ڈارک نہیں ہوتی، جس کے بعد آپ ویڈیو کے ساتھ ساتھ اپنے کانٹیکٹ یا گروپ میں چیٹ بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر میں دیگر ایپس جیسے فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام کو بہت جلد شامل کیا جائے گا، جس طرح موبائل میں کیا گیا ہے۔ اس فیچر کو ویب ورژن پر استعمال کرنے کے لیے اپنی واٹس ایپ اپلیکشن کو اپ ڈیٹ کریں۔ اگر آپ کی ایپ پہلے ہی اپ ڈیٹ ہے تو واٹس ایپ ویب اپنے ڈیسک ٹاپ پر اوپن کریں۔ اس کے بعد شیئر ویڈیو میں پوپ اپ آئیکون پر کلک کریں۔ آپ ویڈیو کو اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی پوزیشن میں رکھ سکتے ہیں جبکہ والیوم ایڈجسٹ کرنے کے ساتھ پلے اور پوز بھی کرسکتے ہیں۔