بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے ماہرین نے اسکول سے بھاگنے والے بچوں پر نظر رکھنے کے لیے ایسا یونی فارم تیار کیا جو طلباء کی حاضری کو یقینی بنائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے اسکولوں میں زیرتعلیم طلباء اسکول کے اوقات میں فرار ہوجاتے ہیں۔
یہ صورتحال والدین اور اسکول انتظامیہ کے لیے تشویش کا باعث تھی جس کا حل ماہرین نے نکال لیا۔ ماہرین نے ایک ایسا اسمارٹ یونی فارم تیار کیاجس کے ذریعے طلباء پر نظر رکھی جائے گی اور اسی طرح اُن کی زیادہ سے زیادہ حاضری یقینی بنے گی۔ اسمارٹ یونی فارم کا تجربہ جنوبی چین میں کیا گیا جو کامیاب رہا۔ ماہرین نے یونی فارم میں اسمارٹ چپس نصب کی جو طلباء کے راستے اور اسکول آمد و رفت کی نشاندہی کریں گی، اگر یونی فارم پہنا بچہ اسکول سے فرار ہوا تو اُس کا تعاقب نہ صرف ممکن بلکہ آسان بھی ہوگا۔ کمپنی نے اسمارٹ یونی فارم کا تجربہ گائجو صوبے کے روشیانگ اسکول میں کیا، ماہرین کی جانب سے 700 بچوں کو اسمارٹ لباس مہیا کیے گئے اور پھر اُن کی ایک ماہ تک نگرانی بھی کی گئی۔ تعلیمی ادارے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’طلباء کو یونی فارم نومبر میں فراہم کیے گئے، اس کی مدد سے ہم بچوں کی تصاویر بھی حاصل کرسکتے ہیں‘۔ ماہرین کے مطابق اسمارٹ یونی فارم پہننے والا طالب علم اگر بغیر اجازت کمرہ جماعت یا اسکول کی حدود سے باہر جائے گا تو عمارت میں نصب الارم بجنا شروع ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں یہ یونی فارم اسکول سے نکلنے والے بچوں کے چہرے کی بھی شناخت میں مدد کرے گا جس سے یہ معلوم ہوجائے گا کہ کسی طالب علم نے دوسرے کے ساتھ اپنا یونی فارم تبدیل تو نہیں کیا۔