سان فرانسسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ اسنیپ چیٹ نے سوشل میڈیا موبائل ایپ ٹک ٹاک کی طرز پر ’چلینج فیچر‘ متعارف کرادیا۔ تفصیلات کے مطابق فیس بک اور واٹس ایپ کے مد مقابل سماجی رابطے کی معروف موبائل ایپلیکشن اسنیپ چیٹ نے اپنی ایپ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا۔ کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا فیچر سے آپ ویڈیو بنا کر اپنے کسی بھی
دوست کو چیلنج دے سکیں گے۔ چیلنج فیچر موبائل کے فرنٹ کیمرے سے منسلک ہے اور اس میں صارف کو کرنا یہ ہوگا کہ وہ اپنی مرضی سے گانا منتخب کر کے صرف ہونٹ ہلائے گا اور اپنے دوستوں کو ایسا ہی کرنے کا چیلنج دے گا۔ جس صارف کو چیلنج دیا جائے گا اُس کے پاس ویڈیو کا نوٹی فکیشن جائے گا اور اگر 24 گھنٹے کے اندر اسے نہیں کیا تو بھیجنے والے کو آگاہ کردیا جائے گا اور وہ چاہیے گا تو اسے ختم بھی کردے گا۔ اس چیلنج کو دیگر دوست بھی دیکھ سکیں گے جبکہ پرائیوٹ میسج میں بھی منتخب کرنے والے صارف کو بھی ویڈیو بنانے کا چیلنج دیا جاسکے گا۔ اسنیپ چیٹ کا ماننا ہے کہ اُن کا نیا فیچر صارفین کو بہت پسند آئے گا اور وہ روزانہ اپنے دوستوں کو ویڈیو کے ذریعے چیلنج دیں گے، اس طرح دیگر لوگوں کو بھی پلیٹ فارم پر لایا جاسکے گا۔ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ اسنیپ چیٹ نے اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے یہ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق 6 ماہ کے دوران بیس لاکھ سے زائد صارفین کی کمی ہوئی۔