کراچی(نیوزڈیسک) عالمی بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں مالی سال ترسیلات زر کا حجم20ارب 90کروڑ ڈالر تک جاپہنچے گا اور اضافے کی شرح 6.9فیصد رہے گی۔تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے ترسیلارت زر سے متعلق رپورٹ جاری کردی ، جس میں پیش گوئی کی ہے رواں مالی سال ترسیلات زر21ارب ڈالرتک بڑھ جانے کی امید ہے۔
ورلڈ بینک کی ترسیلارت زر سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ چند برسوں تک یہ شرح برقرار رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال ترسیلات زر میں 6.9فیصد کا اضافہ متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ترسیلات زر میں ساڑھے تیرہ فیصد کا اضافہ متوقع ہے، ترسیلات زر کا حجم 528 ارب ڈالر تک ہوجانے کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ ترسیلات زر امریکہ اور خلیجی ممالک سے ملیں گی۔دوسری جانب ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔یاد رہے گذشتہ ماہ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے کہاتھا کہ اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔رپورٹ کے مطابق گلف ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے میں ترسیلات زر سے کمی متوقع نہیں، جاری کھاتے کا خسارہ 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد تک ہو جائے گا۔