اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرین ارضیات زمین سے متعلق گاہے بگاہے نئے نئے انکشافات کرتے رہتے ہیں تاہم اب ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مغربی ایشیا کا سب سے گنجان آباد سمجھا جانے والا شہراور ایرانی دارالحکومت تہران تیزی سے زمین میں دھنس رہا ہے۔ ماہرین نے اس معاملے پر اپنی پریشانی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران جو کہ ایک کروڑ 50لاکھ کی آبادی پر مشتمل ہے ڈرامائی اور نہایت تیزی سے زمین میں دھنس رہا ہے، سائنس میگزین رپورٹ میں ماہرین
کی نئی تحقیق کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر کے کچھ علاقے تو نہایت تیزی سے زمین پر دھنس رہے ہیں جن کی رفتار 10انچ سالانہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ تحقیق جرمن ریسرچ سینٹر برائے ارضیاتی سائنس پوسٹڈیم جی ایف زی نے سیٹلائٹ سے حاصل ہونیوالے اعدادوشمار اور تصاویر کے جائزہ کے بعد جاری کی ہے۔ اس تحقیق کے دوران نٹرفیرو میٹرکس سنتھیٹک اپرچر ریڈارنامی تکنیک استعمال کی گئی ہے جو کہ زمین پر ہونیوالی تبدیلی کیلئے سائنسدان اور حکومتیں استعمال کرتی ہیں۔