اسلام آباد (آ ئی این پی)حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے غیر منافع بخش تنظیموں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دہشت گردی کی مالی امداد روکنے کے بین الحکومتی ادارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے پاکستان میں غیر منافع بخش تنظیموں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرا ئع کے مطا بق حکومت نے غیر منافع بخش تنظیموں کے لیے نئے قواعد تیار کر لیے ہیں، ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے
اور انہیں کالعدم تنظیموں سے روابط نہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ تنظیمیں غیر ملکی کرنسی میں فنڈز بھی نہیں لے سکیں گی جبکہ فنڈز دینے اور لینے والوں کا تمام ریکارڈ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔نان پرافٹ ایبل آرگنائزیشن اپنے کام سے غیر متعلقہ کسی طرح کا سروے یا تحقیق بھی نہیں کرسکیں گی اور ملکی مفاد کے خلاف کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ یہ تنظیمیں اپنے ملازمین کا بھی تمام ڈیٹا رکھنے کی پابند ہوں گی۔ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔