اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بیرون ممالک سبکدوش ہونے والے سیاسی سفیروں کیلئے حکومتی ڈیڈلائن ختم ،واشنگٹن میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے کیلئے دو ہفتے کا وقت مانگ لیا ،نجی ٹی وی کے مطابق علی جہانگیر نے وزارت خارجہ سے بچوں کی تعلیم مکمل ہونے تک کا وقت مانگاتھا لیکن وزارت خارجہ نے علی جہانگیر صدیقی کو مزید 2 ہفتے کا وقت دیدیا۔کینیڈا میں ہائی کمشنر طارق عظیم نے
چارج چھوڑ دیا اس کے علاوہ سعودی عرب میں سفیر خان حشام بن صدیق نے بھی چارج چھوڑ دیا جبکہ مراکش، کیوبا اور سربیا میں سفیروں نے بھی چارچ چھوڑدیاہے اور چارج اپنے نائب کے حوالے کردیاہے،ادھر وزارت خارجہ نے نئے سفیروں کا انتخاب کر لیا جو جلد ہی اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیں گے۔یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے سفیروں کو 7 دسمبرتک عہدے چھوڑنے کی ڈیڈلائن دی تھی جو کل ختم ہو گئی ہے ۔