بھونیشور(آئی این پی)پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے نائب کپتان عماد شکیل بٹ کیخلاف ایک میچ کی پابندی کے فیصلے کو ڈچ جج کی تعصب پسندی قرار دے دیا۔اپنے وڈیو پیغام میں حسن سردار کا کہنا ہے کہ عماد بٹ کے خلاف فیصلہ ڈچ جج نے دیا ہے جو بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان 9 دسمبر کو شیڈول میچ ڈو اینڈ ڈائی والا ہے، گرین شرٹس کی طاقت کو کم کرنے کے لئے ڈچ ریفری نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا ہے۔حسن سردار نے کہا کہ ملائشیا کے خلاف میچ کے بعد بھی ہمیں عماد بٹ
کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تھا، میچ کے دوران عماد بٹ نے کوئی ڈیش نہیں کیا جس کی وجہ سے امپائر نے کارڈ دکھایا نہ ہی اس طرح کا کوئی اور فال دیا۔قومی ٹیم منیجر نے کہا کہ آج کی ماڈرن ہاکی میں میچ کے دوران 25 کیمرے ہوتے ہیں، مقابلے کی وڈیو کو دیکھ کر تمام فیصلہ کریں گے کہ امپائر نے نا کوئی پنالٹی کارنر دیا ہے اور نہ ہی کوئی کارڈ دکھایا ہے۔ میں نے فیصلے کے خلاف اپیل کر دی ہے ، امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہی آئے گا۔ کپتان رضوان سینئر کا ورلڈ کپ سے باہر ہونا ہمارے لئے بڑا دھچکا ہے۔