ابوظہبی (آئی این پی)پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی 15 ویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔انہوں نے سابق ہم وطن بلے باز سلیم ملک کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔سلیم ملک
نے 103 جبکہ اظہر علی نے 70 میچز میں پندرہ سنچریاں سکور کیں۔ اظہر علی 134 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سومر ویلی کی گیند کا نشانہ بنے۔ پاکستان کی جانب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز یونس خان کو حاصل ہے جنہوں نے 34 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ انضمام الحق 25 سنچریوں کے ساتھ دوسرے، محمد یوسف 24 سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور جاوید میانداد 23 سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔