لاہور (ا ین این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف تقریر کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس مسعود جہانگیر نے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا اور ہائیکورٹ نے
عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر ایک ماہ قید اور جرمانے کہ سزا سنائی تھی جو پوری کر چکا ہوں ۔سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے وزات داخلہ کو درخواستیں دی لیکن شنوائی نہیں ہو رہی ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وزات داخلہ کو ای سی ایل سے نام نکالے کا حکم دیا جائے ۔جس پر عدالت نے وزات داخلہ کو سابق رکن قومی اسمبلی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ۔