سڈنی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ میچ کے دوران انگلش ٹیم کے کھلاڑی پاکستانی نژاد برطانوی راجا ارشد حیات کو دل کا دورہ ، ہسپتال منتقل، آئی سی یو وارڈ میں داخل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ میچ کے دوران پاکستانی نژاد انگلش ٹیم کے کھلاڑی رانا ارشد حیات کو دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں ہسپتال منتقل
کر دیا گیا ہے جہاں اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے راجا ارشد حیات بیٹنگ کر رہے تھے، ابھی انہوں نے محض 24 رنز ہی بنائے تھے کہ ان کے سینے میں شدید درد اٹھا۔52 سالہ ارشد حیات کو ایمبولینس کے ذریعے فوراً اسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ انھیں ہارٹ اٹیک ہوا ہے، جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کا مشورہ دیئے جانے کے بعد وہ ٹورنامنٹ چھوڑ کر واپس انگلینڈ جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا کر رہا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلا جا رہا تھا۔ ویٹرنز ورلڈ کپ میں عمر کی کم سے کم حد 50 سال رکھی گئی ہے۔ماضی میں بھی ویٹرنز کرکٹ کے دوران دل کا دورہ پڑنے اور کھلاڑیوں کی اموات کے واقعات پیش آچکے ہیں۔راجا ارشد حیات نے چند سال پہلے ہی انگلینڈ میں سکونت اختیار کی تھی ، وہ پاکستان کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ 1989ء سے 1999ء تک پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔39 فرسٹ کلاس میچوں میں ارشد حیات نے ایک سینچری کی مدد سے 1397 رنز بنارکھے ہیں۔