لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل میپ نے اپنی ایپلیکشن کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے میٹرو بس کے روٹ اور ٹائمنگ کو اپنی اپیلیکشن میں شامل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گوگل میپ استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین کو اب ملک کے مختلف حصوں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کا روٹ اور وقت نظر آئے گا۔ میٹرو بس میں سفر کرنے والے صارفین کو اپنے مقام سے مقررہ منزل تک پہنچنے کا وقت بھی بتایا جائے گا۔
اس کے علاوہ گوگل میپ گاڑیوں، سائیکل اور پیدل چلنے والے راستوں کی بھی نشاندہی کرے گا۔ پاکستانی نوجوان عمر گوندل نے گوگل کو تمام تفصیلات فراہم کیں، علاوہ ازیں عوامی بس اسٹاپ ، روٹس اور مقامی منزل تک پہنچنے کا وقت بھی اب گوگل پاکستانی صارفین کو فراہم کرے گا۔ گوگل میپ کا مذکورہ فیچر متوسط طبقے کے پاکستانیوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گوگل میپ صارفین کو راستوں اور مقامات کی نشاندہی کرتا ہے، کمپنی نے اس ایپ کا آغاز تقریباً 8 برس قبل کیا تھا، ابتدا میں یہ امریکا اور برطانیہ میں متعارف کرائی گئی تھی جس کے بعد اس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا۔ گوگل میپ کا استعمال گوگل میپ کے ذریعےکسی بھی جگہ کی ٹھیک ٹھیک نشاندہی کی جاسکتی ہے، اگر آپ کسی ایڈریس سمجھانا چاہتے ہیں تو گوگل میپ سے متعلقہ جگہ کا لنک لے کر اُسے ارسال کردیں۔ اس کا طریقہ کار بہت ہی آسان ہے۔ اسی طرح آپ کسی ایڈریس پر جانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنے موبائل کو انٹرنیٹ سے منسلک کریں اور پھر لوکیشن آن کر کے نظر آنے والی بار میں ایڈریس درج کردیں، راستے میں آنے والے موڑ، و دیگر چیزوں کی گوگل خود نشاندہی کرے گا۔