برسلز(این این آئی) سلوواکیہ نے منظم مہاجرت پر اقوام متحدہ کے ایک معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔ اس سے قبل امریکا اور آسٹریلیا کے علاوہ متعدد یورپی ممالک اس عالمی مجوزہ ڈیل سے باہر نکلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سلوواکیہ کے وزیر اعظم پیٹر پیلیگرینی نے برسلز میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سلووواکیہ کسی صورت میں بھی مراکش میں ہونے والی کانفرنس میں اقوام متحدہ کے مہاجرت پر معاہدے کی حمایت اور اس سے اتفاق نہیں کرے گا۔
ہماری حکومت اس بات سے متفق نہیں کہ قانونی اور غیر قانونی مہاجرت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اقتصادی وجوہات پر امیگریشن غیر قانونی، ضرر رساں اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔سلوواکیہ کے وزیر اعظم نے مزید کہاکہ اگر سلوواکیہ حکومت کے کسی بھی نمائندے کی آئندہ ماہ مراکش میں عالمی ادارے کی مہاجرت پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت از خود اس کا معاہدے پر متفق ہونا سمجھا جاتا ہے تو سلوواکیہ کے وزیر خارجہ میرو سلاو لاجکاک سمیت کوئی بھی اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔