قاہرہ (این این آئی)مصر کی ایک فوجی عدالت نے فوجیوں کے قتل الزامات میں مقدمات کا سامنا کرنے والے 8 جنگجوؤں کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ سزائے موت پانے والے عسکریت پسندوں کا تعلق داعش سے وابستہ گروپ ولایت سیناء سے ہے اوران پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں متعدد فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری حکام کا کہناتھا کہ فوجیوں کے قتل کے واقعات 2016ء کے ہیں۔دہشت گردوں نے فوجیوں کی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔
جس کے نتیجے میں متعدد فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔عدالتی حکام کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں پر ان کی عدم موجودگی میں مقدمہ چلایاگیا اور سزا سنائی گئی۔ اسماعیلیہ گورنری کی ایک فوجی عدالت نے 32 ملزمان کو عمرقید اور 2 ملزمان کو 15 سال قید با مشقت کی سزا سنائی۔ اس عدالت نیدو ملزمان کو بری کردیا۔ملزمان فوجی عدالتوں کی طرف سے سنائی گئی سزاؤں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرسکتے ہیں۔مصر میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران فوجی عدالتوں سے سیکڑوں افراد کو سنگین نوعیت کی سزائیں دی گئیں۔