واشنگٹن(آئی این پی)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا کہنا ہے کہ روس شام میں کامیابی پر نازاں ہے لیکن وہ مشرق وسطی میں امریکا کی جگہ نہیں لے سکتا، ماسکو بنیادی اخلاقی اصولوں کی حقیقی پاسداری سے محروم ہے، امریکا ان شراکت داروں کو سپورٹ کرتا ہے۔
جو انارکی اور شورش کو استحکام میں بدلنا چاہتے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے باور کرایا ہے کہ روس شامی حکومت کے سربراہ بشار الاسد کے مفاد میں اپنی عسکری کامیابیوں کے بل بوتے پر شام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے تاہم وہ مشرق وسطی میں امریکا کی جگہ نہیں لے سکتا۔امریکی وزیر دفاع نے یہ بات بحرین میں منعقد ہونے والی سالانہ “منامہ ڈائیلاگ” سکیورٹی کانفرنس میں شریک عرب قیادت کے سامنے اپنے خطاب کے دوران کہی۔ میٹس کے مطابق روس کی موقع پرستی اور شامی عوام کے خلاف بشار الاسد کی مجرمانہ سرگرمیوں سے چشم پوشی اس بات کا ثبوت ہے کہ ماسکو بنیادی اخلاقی اصولوں کی حقیقی پاسداری سے محروم ہے۔جیمز میٹس نے واضح کیا کہ “آج میں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ روس خطے میں اس طویل، دائمی اور شفاف پاسداری کی جگہ نہیں لے سکتا جس کا مظاہرہ امریکا کی جانب سے مشرق وسطی کے حوالے سے کیا جاتا رہا ہے”۔امریکی وزیر دفاع نے باور کرایا کہ “ہم ان شراکت داروں کو سپورٹ کرتے ہیں جو انارکی اور شورش کو استحکام سے بدلنا چاہتے ہیں”۔