لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب نہیں کیا جاسکتا ۔ ریکوزیشن کے بعد قانونی طور پر 14روز میں اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں اور ہم نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی 14اکتوبر کو طلب کررکھا ہے تاہم اسمبلی کا اجلاس 4روزقبل ہی ختم ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ اقوام متحدہ کا اجلاس بھی بلا لے تو کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات
کی وجہ سے ان کی جان نہیں چھوٹے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب آزاد اورخودمختار ادارہ ہے اور وہ اپنے فرائض نہایت غیرجانبداری سے انجام دے رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلویز، پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز سمیت تمام قومی ادارے خسارے میں ملے ہیں جس کی وجہ سے قرضہ لئے بغیر گزارا ممکن نہیں ہے تاہم موجودہ حکومت آئی ایم ایف سے آسان شرائط پر قرضہ لینے کے لئے کوشاں ہے۔