استنبول /ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے حکام نے ترکی کے شہر استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں ایک سعودی شہری جمال خاشقجی کے قتل کیے جانے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ قبل ازیں ترک حکام نے بتایاہے کہ جمال خاشقجی کو استنبول کے قونصل خانے میں قتل کردیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کے ایک ذمہ دار ذریعے نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا۔ حکام کا کہنا تھا۔
جمال خاشقجی کے استنبول کے قونصل خانے میں قتل کی باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ استنبول میں سعودی قونصل خانے اور ترک حکام کی درخواست پر ایک سیکیورٹی وفد ترکی پہنچا ہے تاکہ لاپتا ہونیوالے شہری جمال خاشقجی کے بارے میں تحقیقات کی جاسکیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔ ہم سعودی شہری کی استنبول میں پراسرار گم شدگی کے باریمیں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔