کراچی (این این آئی)پی آئی اے نے آئندہ سال 2019 کی پہلی سہ ماہی میں دو نئے طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ائر بس A-320 طیاروں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور یہ طیارے پیپرا قوانین کے مطابق ڈرائی لیز پرحاصل کئے جارہے ہیں ۔ اس بات کا فیصلہ کا پی آئی اے کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ثاقب عزیز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ائر لائن کی گزشتہ مہینوں کی کار کردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر غور
کیا گیا کہ مارکیٹ کی ضروریات کو پوراکرنے کے لئے فضائی بیڑے میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ موجودہ طیاروں سے مسافروں کی ضروریات پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ ثاقب عزیز نے کہا کہ دو نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کو اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دینے میں مدد ملے گی اور مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ طیارے اندرون ملک اور علاقائی روٹس کی پروازوں کے لئے استعمال کئے جائیں گے ۔علاقائی روٹس میں خلیجی اور مشرق بعید کے ممالک شامل ہیں۔