کراچی (این این آئی) اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے دوران چھینے گئے موبائل فون ایران اسمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشن ون نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی پرویز چانڈیو نے کہا کہ ملزمان چھینے گئے موبائل فونز کو ان بلاک اور فلیش کرکے فروخت کیا کرتے تھے ۔ ملزمان قیمتی موبائل فونز کو
ایران بھیج دیا کرتے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے درجنوں قیمتی موبائل فونز ایران اسمگل کئے جانے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ گروہ چھوٹے موبائل فونز کو فلیش کرکے کراچی کی مارکیٹوں میں فروخت کرتا تھا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ برآمد کیاگیا ہے۔ گرفتار اسٹریٹ کریمنلز سائٹ شیرشاہ ، پاک کالونی ، بلدیہ میں کارروائیاں کرتے تھے ۔ ایس ایس پی پرویز چانڈیو نے مزید بتایا کہ یہ گروہ لیاری گینگ وار جبار لنگڑا گروپ سے وابستہ ہے۔