لاہور (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی و سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے شہباز شریف کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سے پہلے لوگوں سے کوئی پیسہ لیا گیا ہو، ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے،اس منصوبے میں پہلے گھر بنائے گے، پھر لوگوں کو چابیاں دی گئیں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن تو تب ثابت ہوگی جب سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچہ ہو، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کسی
کمپنی کو سرکاری خزانہ سے ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو پیسے کمپنی بنانے میں خرچ ہوئے یا کسی نے تنخواہ لی، اس میں شہباز شریف نے تو پیسے نہیں لئے، پرائیوٹ کمپنی کے سی ای او کی تنخواہیں اس سے بہت زیادہ ہوتی ہیں، پرائیوٹ کمپنی کے سی ای اوز کی تنخواہیں ایک ایک کروڑ ہوتی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سب کچھ ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لئے کیا جا رہا ہے، یہ 25 جولائی کی طرح الیکشن سے پہلے کی گئی انتقامی کارروائی ہے۔