اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے داماد مرتضیٰ امجد نے عدالت عظمیٰ میں نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دائر کردی ہے ۔ جمعرات کوسپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے داما د مرتضیٰ امجد نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے، نیب کے سامنے پیشی اور آزادانہ نقل و حرکت کیلئے نام نکالا جائے، نیب کو ہراساں
کرنے سے روکا جائے، مرتضیٰ امجد نے موقف اختیار کیا کہ میرے خلاف ٹھوس شواہد کے بغیر اقدامات اٹھائے گئے، نیب نے ہائوسنگ سوسائٹی کے خلاف جنوری 2018میں انکوائری شروع کی، مجھے اہلخانہ، سسرال کو بدنام کرنے کیلئے ملوث کیا گیا، 3جون کو ایک خاتون، میرا اور خاندان کے کچھ افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، ریڈوارنٹ کے باعث مجھے دبئی میں حراست میں لیا گیا، حراست میں لئے جانے پر ہمارے خلاف مہم چلائی گئی، شفاف ٹرائل اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔