واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ماضی میں غیر قانونی ٹیکس اسکیموں کے ذریعے سینکڑوں ملین ڈالر حاصل کیے۔ دھوکہ دہی کی ایسی زیادہ تر کارروائیاں انیس سو نوے کی دہائی میں کی گئی تھیں۔امریکی اخبار کی یہ تازہ تحقیقاتی رپورٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی نفی کرتی ہے، جس کے مطابق انہوں نے اپنے بزنس مین والد فریڈ ٹرمپ سے ایک چھوٹا سا قرض لیتے ہوئے کئی ارب ڈالر کی ریئل اسٹیٹ سلطنت کھڑی کی ہے۔ امریکی اخبار نے واضح کیا کہ اس تحقیقاتی رپورٹ میں امریکی
صدر کی ذاتی دولت اور ٹیکس سے متعلق دستاویزات شامل نہیں ہیں تاہم یہ ضرور کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی دولت کا ان کے والد کی دولت کے ساتھ گہرا تعلق اور انحصار ہے۔ یہ تحقیقاتی رپورٹ صدر ٹرمپ کے ان دعووں کے بھی برعکس ہے کہ وہ اپنے بل بوتے پر اتنی بڑی کاروباری شخصیت بنے ہیں۔اس رپورٹ سے امریکی ٹیکس حکام ٹرمپ خاندان کی دولت اور ٹیکس کے حوالے سے وسیع تر تحقیقات کا آغاز کر سکتے ہیں۔دریں اثناء وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ۔