ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ممتاز سعودی صحافی جمال خشوگی استنبول میں سعودی سفارت خانے کے دورے کے دوران لاپتہ ہو گئے ۔امریکی اخبار کے لیے کام کرنے والے صحافی استنبول میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئے تھے۔امریکی اخبار کے مطابق ہمیں نہیں معلوم کہ آیا انھیں حراست میں لیا جا رہا ہے، سوالات پوچھے جا رہے ہیں۔
یا انھیں کب رہا کیا جائے گا؟جمال خشوگی کی منگیتر کے مطابق وہ گذشتہ دوپہر استنبول میں قائم سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئے تھے۔انھوں نے بتایا کہ ہم دستاویزات کے سلسلے میں سعودی سفارت خانے گئے تاہم مجھے جمال کے ہمراہ اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کا موبائل بھی باہر ہی رکھوا لیا گیا۔جمال خشوگی کے بارے میں کنفیوژن اس وقت بڑھی جب واشنگٹن میں موجود ایک سعودی اہلکار نے کہا کہ ان کی گمشدگی کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات جھوٹی ہیں اور وہ استنبول میں سعودی سفارت خانے آنے کے کچھ دیر بعد واپس چلے گئے تھے۔استنبول میں سعودی سفارت خانے کی عمارت کے باہر موجود جمال خشوگی کی منگیتر نے سعودی اہلکار کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کسی نے باہر آتے ہوئے نہیں دیکھا۔دوسری جانب ترکی کے صدر کے ایک ترجمان کا کہناتھا کہ ہمیں جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق جمال خشوگی ابھی تک سفارت خانے کے اندر موجود ہیں اور ترک اہلکار اس حوالے سے اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔