ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراق کے نو منتخب صدر برہم صالح کوعہدہ سنھبالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراق کے نو منتخب صدر برھم صالح کو ٹیلیفون کیا۔ خادم الحرمین الشریفین نے برہم صالح کو عراق کا صدر منتخب ہونے پرانہیں سعودی حکومت اور پوری قوم کی طرف سے مبارک باد پیش کی۔ شاہ سلمان نے عراق کی ترقی، سلامتی
اور خوش حالی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کابھی اظہار کیا اور امید ظاہر کی برہم صالح کی قیادت میں سعودی عرب اور عراق کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔دوسری جانب عراقی صدر برھم صالح نے شاہ سلمان کی طرف سے تہنیتی پیغام پران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہرکی کہ بغداد اور ریاض کے درمیان تعلقات مزید وسیع اور مستحکم ہوں گے۔خیال رہے کہ برہم صالح دو روز قبل عراق کے صدر منتخب ہوئے تھے۔