ایک کروڑ ملازمتیں، وعدے کی تکمیل کا آغاز وزیراعظم نے قطر میں ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار دلوانے کے لیے خصوصی منصوبے کے آغاز کا حکم دے دیا اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور باعزت روزگار کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سی پیک سے متعلقہ شعبوں میں ٹریننگ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے،
قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ اورایکسپو کیلئے پیدا ہونیوالی ملازمتوں کیلئے پاکستانی ہنر مندوں کو تیار کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار میسر ہو۔وزیراعظم عمران خان نے یہ بات بدھ کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذولفقار احمد چیمہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور باعزت روزگار کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی بیروزگاری اور غربت کے خاتمے میں مدد کریگی ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹریننگ میں ان شعبوں پر زیادہ توجہ دی جائے جن کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ڈیمانڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹریننگ فراہم کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک سے متعلقہ شعبوں میں ٹریننگ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جاے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ اور ایکسپو کے لئے پیدا ہونے والی ملازمتوں کیلئے پاکستانی ہنر مندوں کو تیار کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار میسر ہو۔