آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات،اردن نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تین روزہ دورے پر اردن پہنچے ہیں
جہاں انہوں نے اردن کے حکمران شاہ عبداللہ سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شاہ عبداللہ نے سیکیورٹی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اردن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان اردن کی جانب سے کسی بھی مثبت قدم کا خیر مقدم کرے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کیلئے خدمات پر آرمی چیف کو اعلیٰ فوجی اعزاز بھی عطا کیا گیا۔قبل ازیں آرمی چیف نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل محمود عبدالحلیم سے بھی ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے دفاعی تعلقات، تربیت اور مشترکہ مشقوں کی پیشکش کی۔اس موقع پر جنرل محمود عبد الحلیم نے کہا کہ اردن پاکستان کو ایک بہت قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو آگے لے جانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون میں اضافے کیلئے تیار ہے۔