اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس کا داماد ،بیٹا اور بیٹی بھی ملزم ہیں ان کے خلاف کارروائی کون کرے گا ٗ قانون دان،قلم کار ،سفارت کار ،احتساب کار سب کے لئے پاکستان میں قانون ہے اور اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ آج ایک خوش آئند دن تھا، پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا دن جب میں دیکھا کہ پاکستان کی تمام پارلیمانی پارٹیوں کے لوگوں پر جو جو الزامات ہیں ان پر مقدمات چلنا
شروع ہو گئے ہیں، یہی تبدیلی ہے، یہی نیا پاکستان ہے اور یہی عمران خان اور ڈاکٹر بابر اعوان کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برداری اس جدوجہد کا ہراول دستہ ہے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ سابق آرمی چیف اور سابق نیو ل چیف کا ٹرائل ہو ا ہے، اعلی عدالت کے ایک سابق جج نے اپنے سمدھی کے لیے وہ فیصلہ کیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، جس کا سمدھی ،بیٹا اور بیٹی مجرم ہوں، کیا ان کا بھی احتساب ہو گا، یہ سوال آپکے لیے چھوڑے جارہا ہوں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ قانون دان،قلم کار ،سفارت کار ،احتساب کار سب کے لئے پاکستان میں قانون ہے اور اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے ۔