کراچی۔۔۔۔قومی ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی گروہ بندی نہیں ہے اور ورلڈ کپ کے لئے مصباح الحق ہی بہترین چوائس ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ قریب ہے اور اس موقع پر ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی چاہیئے، ورلڈ کپ کے لئے موجودہ ٹیم کو ہی برقرار رکھا جانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور سب سینئرز کے ساتھ 70 میچز کھیل چکے ہیں اس لئے ورلڈ کپ میں انہیں ہی موقع ملنا چاہیئے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب کپتانی کا ایشو ختم ہو جانا چاہیئے، ٹیم میں کوئی گروہ بندی نہیں ہے اور ورلڈ کپ کے لئے مصباح الحق ہی بہترین چوائس ہے، میری ہر بات کو ایشو بنا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل بہترین بالر ہے اور ورلڈ کپ میں ہمیں اس کی ضرورت پڑے گی۔ میرا ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تمام تر توجہ ایک روزہ کرکٹ اور ٹی ٹوئنٹی پر مرکوز ہے۔