صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک )یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاِریانی نے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس نے بیروت میں اپنے گڑھ کو حوثی ملیشیا کی تشہیر کا پلیٹ فارم بنا دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں الاریانی نے لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کو دور رکھنے کی پالیسی پر کاربند رہے۔یمنی وزیر نے کہا کہ حزب اللہ جو کہ لبنانی حکومت کا حصّہ ہے اس نے ایران نواز حوثی ملیشیا کو تجربے اور جنگجوؤں کی صورت میں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا سلسلہ روکا نہیں بلکہ بیروت
کے جنوبی مضافاتی علاقے ’’الضاحیہ‘‘ کو یمن میں باغیوں کی میڈیا مشینری چلانے اور عرب اتحاد پر تنقید کا پلیٹ فارم بنا دیا۔الاریانی نے مزید کہا کہ میں لبنانی حکومت اور وزیر اطلاعات سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ خطّے میں تنازعات کے حوالے سے اپنی اعلان کردہ غیر جانبدار پالیسی پر کاربند رہیں۔ ساتھ ہی لبنان میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی اْن تخریبی اور اشتعال انگیز سرگرمیوں کے روکے جانے کے لیے مداخلت کریں جو حزب اللہ کے سیاسی اور سکیورٹی پردے میں مالی سپورٹ کے ساتھ انجام دی جا رہی ہی۔