کراچی (این این آئی) کراچی کے شہریوں کو سڑکوں اور عوامی مقامات پر کچرہ جمع دیکھنے کی عادت ہے۔ یہ کچرہ کئی کئی ہفتے گزرجانے کے باوجود کوئی نہیں اٹھاتا اور صفائی کی صورتحال ابترہوجاتی ہے۔ بہت کم لوگ ہوتے ہیں جنہیں صفائی کاشعور بیدار کرنے کا شوق ہوتاہے۔کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ہلال پارک میں اتوار کی صبح لوگ جب ورزش اور چہل قدمی کے لیے پہنچے توانھیں کچھ چینی باشندوں نے صفائی کا عملی درس دیا۔ ان کے ہاتھ میں تھیلے اور کدال تھے اور
وہ چپ چاپ پارک میں پھیلے کچرے کوصاف کرتے نظر آئے۔علاقے کی رہائشی ایک خاتون نے یہ کارگزاری فیس بک پر شیئر کردی۔ انھوں نے بتایاکہ وہ کئی بار پارک میں پھیلا یہ کچرہ دیکھنے کی عادی ہوچکی تھیں۔ تاہم جب انھوں نے چینیوں کو یہ گند صاف کرتا دیکھا تو انھیں شرمندگی ہوئی۔کسی علاقے میں رہنے سے زیادہ وہاں کی صفائی کا خیال رکھنا اہم ہوتاہے۔ ایسے اقدامات کرنے سے ہمارے گلی محلے اور پارکس صاف ہوکر شہریوں کے مہذب ہونے کی دلیل ہوسکتے ہیں۔