واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کمپنیز پر پھر کڑی تنقید کر ڈالی ۔انہوں نے ٹوئٹر ، فیس بک اور گوگل کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگوں کی آواز دبانے کی کوشش کررہے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گشتہ روز ٹرمپ نے گوگل اور سوشل میڈیا کمپنیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ جب گوگل پر ٹرمپ نیوز لکھ کر سرچ کیا جائے تو صرف فیک نیوز میڈیا کی رپورٹیں ہی سامنے آتی ہیں ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چھیانوے فیصد نتائج
بائیں بازو کے امریکی میڈیا کی رپورٹوں پر مبنی ہیں ۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گوگل ، فیس بک اور ٹوئٹر قدامت پسندوں کی آواز دبا رہے ہیں اور اچھی خبریں چھپا رہے ہیں ۔ یہ ادارے کنٹرول کرتے ہیں کہ آپ کیا دیکھیں گے اور کیا نہیں ۔ٹرمپ نے کوئی ٹھوس ثبوت دیے بغیر ہی کہا کہ ان کی یہ سرگرمیاں غیر قانونی ہو سکتی ہیں ۔ ٹوئیٹر ، فیس بک اور گوگل ری پبلکنز کے ساتھ امتیازی سلوک کررہے ہیں ۔ یہ بڑا سنجیدہ مسئلہ ہے کیونکہ وہ امریکا کے بڑے علاقے کے عوام کی آواز کو دبا رہے ہیں تاہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔