ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے سب سے بڑے سیاحتی اور تجارتی منصوبے نیوم سٹی میں سیاحت کے شعبے کی نگرانی ایک خاتون کو سونپنے کا اعلان کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق نیوم پروجیکٹ میں ٹورزم کے امور کی نگرانی کے لیے مسز ارادھنا کوھالا کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔نیوم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ٹویٹس میں کہا گیا کہ ہم یہ پرمسرت اعلان کر رہے ہیں کہ مسز ارادھنا کوھالا ہماری ٹیم کا حصہ بن چکی ہیں اور انہیں نیوم پروجیکٹ میں سیاحت کے شعبے کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر
کیا گیا ہے۔ ہم نیوم میں ارادھنا کوھالا کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ادھرنیوم پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو انجینیر نظمی النصر نے کہا کہ وہ ارادھنا کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے کی نگرانی خاتون کو دیئے جانے سے نیوم کا نیا چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا۔ مستقبل میں ’نیوم‘ کو زیادہ فعال اور سیاحت کے حوالے سے کامیاب بنانے میں مسز کوالا اہم کردار ادا کریں گی۔ ان کے پاس چار براعظموں کے 70 ملکوں میں 17 سال تک سیاحت کے لیے خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ ہے۔