تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کی خبر گان کونسل کے ترجمان اور سخت گیر شیعہ مذہبی رہ نما احمد خاتمی نے کہا ہے کہ صدر حسن روحانی نے ملک میں ابتر اقتصادی صورت حال کے بارے میں تیار کی گئی رپورٹ کونسل میں پیش کرنے سے انکار کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایران میں ابتر معاشی صورت حال کے حوالے سے حال ہی میں ایک رپورٹ تیار کی گئی تھی مگراسے خبر گان کونسل میں پیش نہیں کیا گیا۔ ایرانی ایوان صدر اور طاقت ور ادارے خبرگان کونسل کے درمیان تناؤ کی کیفیت ایک ایسے
وقت میں پیدا ہوئی ہے جب امریکا کی طرف سے تہران پرعاید کردہ پابندیوں کے نتیجے میں ایران بدترین معاشی بحران کا شکار ہے۔خبر گان کونسل کے ترجمان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کونسل کو ملک کی معاشی صورت حال اور بحران سے باخبر نہیں کرنا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاری جانی اور جوڈیشل کونسل کے سربراہ صادق لاری جانی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خبر گان کونسل کو ملک کی موجودہ گھمبیر معاشی صورت حال کے بارے میں آگاہ کریں گے۔